کولکا تہ، 15؍مئی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )مغربی بنگال کی ممتا بنرجی حکومت میں آج معمولی ردوبدل کرتے ہوئے اس میں دو نئے وزراء کو شامل کیا گیا۔گورنر کے این ترپاٹھی نے یہاں راج بھون میں منعقد ایک پروگرام میں اجول بسواس اور چند ریما بھٹاچاریہ کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا ۔بسواس کو ریفارم مینجمنٹ ، پناہ گزین راحت اور بازآبادکاری کا وزیر بنایا گیا ہے جبکہ بھٹاچاریہ کو صحت اور ای- گورننس کا وزیر مملکت(آزاد چارج)سونپا گیا ہے ۔حلف برداری کی تقریب میں ممتا بنرجی اپنی کابینہ کے کئی رفقاء اور حکومت کے سینئر حکام کے ساتھ موجود تھیں۔ممتا نے کہا کہ وہ جلد ہی اپنی کابینہ میں ایک اور معمولی ردوبدل کریں گی۔ریفارم مینجمنٹ ، پناہ گزین راحت اور بازآبادکاری کے وزیر رہے اونی جواردار بغیر چارج کے وزیر رہیں گے۔واضح رہے کہ ترنمول کانگریس حکومت میں 42وزراء تھے اور نئے وزیروں کی حلف برداری کے ساتھ ہی اب ان کی تعداد بڑھ کر 44ہو گئی ہے۔بھٹاچاریہ 2011میں اقتدار میں آئی پہلی ترنمول کانگریس حکومت میں وزیر مملکت(صحت و قانون)تھیں، وہ گزشتہ سال اسمبلی انتخابات ہار گئی تھیں۔وہ گذشتہ ماہ کانٹھی جنوبی اسمبلی سیٹ کے لیے ہوئے ضمنی انتخابات میں جیتی تھیں، بسواس بھی سابقہ ترنمول کانگریس حکومت میں وزیر تھے،وہ کرشن نگر جنوبی اسمبلی سیٹ سے جیتے تھے، لیکن انہیں گزشتہ سال ریاستی کابینہ میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔